ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لیے پنجاب بھر میں گرینڈ آپریشن کا آغاز


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عید صفائی مہم کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لیے صوبہ بھر میں گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا۔
مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی قیادت میں صوبہ بھر کی انتظامیہ سڑکوں پر نکل آئی، خانیوال، ملتان، ساہیوال، گوجرانولہ، سیالکوٹ، جہلم، منڈی بہاؤالدین سمیت مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کے حکام نے بسوں میں پڑتال شروع کردی۔
شیخوپورہ کے ڈی سی ڈاکٹر وقار، فیصل آباد کے ڈی سی عبداللہ نیر، ڈی سی راولپنڈی حسن وقار، ڈی سی سرگودھا کیپٹن اورنگزیب اور لیہ کے ڈی سی علی اکبر بھنڈر نے متعلقہ اضلاع میں چھاپے مارے اور ٹرانسپورٹ کرایوں کی جانچ پڑتال، سواریوں سے نرخوں کے بارے میں بھی پوچھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ عید کے بعد گھروں سے واپس آنے والے مسافروں سے زائد کرایے کی وصولی روکی جائے، ہر ضلع کے ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ کے طور پر ڈپٹی کمشنرز کرایوں میں کمی کو یقینی بنائیں۔