آئی ایم ایف اہداف کا حصول: کے پی حکومت نے مطالبات وفاق کے سامنے رکھ دیے


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے آئی ایم ایف اہداف کے حصول کیلئے وفاقی حکومت کے سامنے صوبے کے 2 مطالبات رکھ دیے۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ کے پی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف اہداف حاصل کرنےکیلئے وفاق 2 کام کرے، وفاق کو 158.14 ارب روپے پن بجلی اور ونڈ فال لیوی جب کہ 144.6 ارب روپے ضم اضلاع کی مد میں جاری کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2 سال میں ضم اضلاع کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا، وفاق نے ضم اضلاع کے ملازمین کی تنخواہوں کیلئے66 ارب روپے رکھے جو ناکافی ہیں۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وفاق سستی بجلی کے واجبات بھی ادا نہیں کررہا، صوبہ ایک طرف واجبات کی عدم ادائیگی اور دوسری طرف بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہے۔