’ہمیں احمق مت سمجھیں‘ شاہد آفریدی کی وضاحت پر صارفین کا رد عمل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق کرکٹر شاہد آفریدی کی اسرائیلی گروپ کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس کے بارے میں ایک صیہونی گروپ نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق کپتان نے ان کے احتجاج کی حمایت کی تھی، شاہد آفریدی کی تصویر وائرل ہونے کے بعد متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں اور دیگر صارفین کی جانب سے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل نے ایکس پر ایک پوسٹ کی اور لکھا کہ مشہور پاکستانی کرکٹر نے مانچسٹر میں اتوار کو ان کے ایک مظاہرے کو سپورٹ کیا جو اسرائیلی قیدیوں کی رہائی سے متعلق تھا۔
پوسٹ میں لکھا گیا کہ آفریدی تصویر میں اس فورم کے شریک چیئر رافی بلوم اور ڈپٹی چیئرمین برنی یاف کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے شاہد آفریدی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شاہد آفریدی نے اپنی وائرل تصویر پر سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اسے نا قابل یقین قرار دے دیا اور کہا کہ انٹرنیٹ پر نظر آنے والی ہر چیز پر یقین نہ کریں۔
انہوں نے تصویر کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ تصور کریں کہ مانچسٹر کی ایک سڑک پر آپ کے مداح سیلفی لینے کے لیے کہیں اور پھر کچھ ہی دیر بعد وہ اس تصویر کو صہیونی حمایت کے طور پر انٹرنیٹ پر لگادیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ فلسطین میں معصوم لوگوں کو اذیت میں دیکھنا واقعی دل دہلا دینے والا ہے۔ کوئی بھی تصویر میری حمایت کی عکاسی نہیں کرتی جہاں انسانی جانیں خطرے میں ہوں۔
شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ میں امن، اس جنگ کے خاتمے اور آزادی کی دعا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پوری دنیا میں مداحوں کے ساتھ تصاویر کھنچواتا ہوں اور مانچسٹر والی صورتحال بھی مختلف نہیں تھی۔
رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری نے شاہد آفریدی کے وضاحتی بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کیا ہم اس بات پر یقین کر لیں کہ آپ دیگر افراد کی جانب سے دکھائے گئے پمفلٹ یا پلے کارڈز کو نہیں پڑھ سکتے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی شناخت اور ارادہ کبھی پوشیدہ نہیں تھا لہذا براہ کرم یہ مت سمجھیں کہ ہم سب احمق ہیں۔ آپ کو معلوم تھا کہ آپ کس کے ساتھ تصویریں بنوا رہے ہیں اور یہ بہت شرمناک ہے۔
حمیرا نامی صارف لکھتی ہیں کہ آپ اس قدر نادان ہونے کا تصور کر سکتے ہیں کہ اسرائیلی یرغمالیوں کو واپس لانے اور اسرائیلی جھنڈوں سے بھرے احتجاج کے پوسٹرز کو نہ پڑھا جائے۔
صحافی طارق متین نے نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے شاہد آفریدی سے متعلق جھوٹ بولا اور یہ بہت شرمناک ہے۔
حلیم عادل شیخ نے شاہد آفریدی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جھوٹ نہ بولیں، تصویر کے پیچھے نظر آنے والے بینرز پر تو واضع تصاویر بھی ہیں اور لکھا بھی ہوا ہے، آپ کو یہودیوں کی حمایت کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل نے خود بھی واضع کیا ہے کہ آپ نے اپنے کیمرے سے اپنی مرضی سے تصویر بنوائی۔