بجٹ پر بحث کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا ، اپوزیشن کا احتجاج کا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بجٹ پر بحث کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ، اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
عید الاضحیٰ کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس کا 2 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا جس کے تحت آج سے بجٹ پر بحث کا آغاز ہو گا، موجودہ اجلاس میں فنانس بل منظوری کیلئے پیش ہو گا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے ، اپوزیشن نے بجٹ منظوری کے دوران احتجاج اور ہنگامہ آرائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ پر بحث ایک ہفتہ جاری رہے گی، ہفتہ اور اتوار کو بھی اجلاس جاری رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، حکومت 29 جون کو قومی اسمبلی سے بجٹ منظور کرائے گی۔
حکومتی ارکان کو بجٹ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے بجٹ منظوری تک حلقوں میں نہ جانے کا کہا گیا ہے۔