گوادر میں اجلاس ،پولیس اور لیویز کی استعداد کار میں اضافہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرفراز بگٹی


گوادر(قدرت روزنامہ)گوادر میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت بلوچستان میں سیکورٹی اور امن و امان کی صورت حال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے ساتھ ساتھ رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں صدر مملکت کو صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تخریب کاری کیخلاف مقابلہ کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کے بارے میں بھی بتایا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں سیکیورٹی اور امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے ٹارگٹڈ لائحہ عمل اپنایا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں سیکیورٹی کی صورت حال بہتری ہوئی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت چینی اور غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر کا دورہ کرنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر کے دورے سے بلوچستان کے عوام کو اپنائیت کا احساس ملے گا۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس اور لیویز کی استعداد کار میں اضافہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرحدی علاقےکے لوگوں کو روزگار تلاش کرنے میں مدد کے لیے قابل قدر مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلوچستان کی ترقی کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، تخریب کاری کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔