سوناکشی کی شادی پر شتروگھن سنہا نے ’خاموش‘ رہنے کا کیوں کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کی جانب سے ظہیر اقبال سے شادی کے اعلان کے بعد سنہا خاندان میں پھوٹ پڑنے کی افواہیں سامنے آ رہی تھیں۔ سوناکشی سنہا کی والدہ پونم سنہا اور بھائی نے اداکارہ کو انسٹاگرام پران فالو کردیا جس کے بعد میڈیا میں سنہا خاندان میں شادی کے حوالے سے اختلافات کی خبریں گرم ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ سنہا خاندان کا کوئی فرد شادی کی تقریبات میں شریک نہیں ہوگا۔ حال ہی میں سوناکشی کی جانب سے بیچلر پارٹی بھی دی تھی جس میں ان کے گھر سے کسی فرد نے شرکت نہیں کی۔
بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کی مسلمان پر شادی سے خاندان کی ناراضگی کی خبروں پر ان کے والد شترو گھن سنہا کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ شترو گھن سنہا سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا ان کا خاندان سوناکشی کے مسلمان لڑکے سے شادی پر ناراض ہے اور شادی میں شرکت نہیں کرے گا تو انہوں نے کہا کہ اس کا جواب میں اپنے مشہور ڈائیلاگ کی صورت میں دوں گا اور وہ ڈائیلاگ ہے ’خاموش‘۔
شتروگھن نے مزید کہا کہ سوناکشی کی شادی میں خاندان کی شرکت نہ کرنے اور ناراضگی کی تمام خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔ زندگی سوناکشی کی ہے اور انہیں فیصلے کرنا کا پورا حق حاصل ہے۔ سوناکشی میری اکلوتی بیٹی ہیں ان سے ناراضگی کا سوال ہی نہیں ہوتا۔

اداکار نے کہا کہ سوناکشی مجھے اپنی طاقت قرار دیتی ہیں تو یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ میں ان کا ساتھ نہ دوں۔ میں ممبئی میں سوناکشی کی شادی میں شریک ہونے آیا ہوں۔ اس بارے میں افواہیں پھیلانے والے اپنے کام سے کام رکھیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بالی وڈکے سینیئر اداکار و سیاستدان شتروگن سنہا نے بیٹی سوناکشی کی شادی کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں نے بیٹی کی شادی کے منصوبوں کے حوالے سے کسی سے کوئی بات نہیں کی، مجھ سے میرے قریبی لوگ پوچھ رہے ہیں کہ میں بیٹی کی شادی سے کیوں واقف نہیں ہوں جبکہ میڈیا بھی اس سے واقف ہے، ان کیلئے میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں، آج کل کے بچے شادی کیلئے ماں باپ سے رضامندی نہیں لیتے صرف آگاہ کرتے ہیں۔