’معلوم ایل بی ڈبلیو کا نہیں اور بات کرتے ہیں این آر او کی’ شاہد آفریدی کی پرانی ویڈیو اچانک وائرل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ شاہد آفریدی نے نجی نیوز چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں ان کے ساتھ ایک گیم کھیلی جاتی ہے۔
سیگمنٹ میں مہمان کے کانوں میں ہیڈ فون لگا کر چند الفاظ بولے جاتے ہیں اور مہمان نے بتانا ہوتا ہے کہ ان کے سامنے کون سے الفاظ بولے گئے ہیں اسی طرح شاہد آفریدی کے کانوں میں بھی ہیڈ فون لگایا گیا اور میزبان نے ان کے سامنے’ لیگ بی فوروکٹ ‘ کہا، شاہد آفریدی کافی دیر تک اندازہ لگاتے رہے کہ میزبان کیا کہنا چاہ رہے ہیں، اس کے بعد میزبانوں نے اشاروں کی مدد سے بھی بتانا چاہا جس پر شاہد آفریدی درست جواب نہ دے سکے۔
شاہد آفریدی نے ہیڈ فون اتار کر میزبان سے کہا کہ تم غلط کہہ رہے ہو اس لیے مجھے سمجھ نہیں آرہی۔ اس سوال پر میزبان نے بتا یا کہ ’لیگ بی فور وکٹ‘۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ لیگ بی فور وکٹ‘ کیا ہوتی ہے ؟ شاہد آفریدی کے اس سوال پر میزبان نے فوری کہا کہ ’ایل بی ڈبلیو‘۔ سابق کپتان نے میزبان سے کہا کہ یہ کونسی کرکٹ کی زبان استعمال کر رہے ہو میں پہلی بار سن رہا ہوں۔
اس پر صارفین کی جانب سے شاہد آفریدی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ پاکستانی کرکٹر کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کا ہی نہیں پتہ۔ صحافی طارق متین نے کہا کہ ’ایل بی ڈبلیو‘ کا پتہ نہیں ہے اور باتیں این آر او کی کرنی ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ شاہد آفریدی نے 500 سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں اور ون ڈے ورلڈ کپ میں کپتانی کی ہے لیکن یہ ایل بی ڈبلیو کے بارے میں نہیں جانتے۔
شاہد امام لکھتے ہیں کہ شاہد آفریدی بین الاقوامی کھلاڑی ہیں اور ان کا یہ عالم ہے کہ وہ ایل بی ڈبلیو کے بارے میں ہی نہیں جانتے۔
قربان صدقے واری جاؤں ۔۔۔۔۔
انٹرنیشنل کھلاڑی اور یہ عالم ۔۔۔۔ !!!