حکومت پنجاب کا خسارے کی شکار وزارتوں اور اداروں کی ری اسٹرکچرنگ کا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب میں حکومت اور گورننس کے نظام میں انقلابی تبدیلی لانے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کے مطابق پنجاب میں وزارتوں اور محکموں کی تاریخ کی سب سے بڑی ری اسٹرکچرنگ کی جائے گی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 14رکنی خصوصی اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کردی ہے جسکو 60دن میں سفارشات کی تیاری کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزارتوں اور محکموں کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی ہے، جس کی کنوینئر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب ہوں گی، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن اور وزیر قانون بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ خساروں کے شکار اداروں کی ڈاﺅن سائزنگ کی جائے گی، ایک ہی کام کرنے والے زائد اداروں کو ختم کردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ری اسٹرکچرنگ کے منصوبے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق وزارتوں کا حجم کم کرکے سرکاری امور کی انجام دہی میں آسانی پیدا کی جائے گی، ایک ہی کام کرنے والے اداروں کو ضم کیا جائے گا، ری اسٹرکچرنگ اور ڈاﺅن سائزنگ سے اداروں کی کارکردگی اور عوامی خدمت کے عمل کو سادہ ، آسان اور تیز بنایا جائے گا۔
واضح رہے ری اسٹرکچرنگ اور ڈاﺅن سائزنگ سے اربوں روپے کی بچت ہوگی، اور حکومت کے سالانہ اخراجات میں بڑی کمی ہونے سے مالی گنجائش پیدا ہوگی۔