پی ٹی آئی میں ن لیگ کے پلانٹڈ لوگ ہیں، حنیف عباسی کا انکشاف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں ن لیگ کے کچھ پلانٹڈ لوگ ہیں، جو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقاتیں بھی کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن اگر ہمارا بندہ ہے تو ہمیں داد دیں، رؤف حسن جیسے لوگوں کی عیاشیاں لگی ہیں ایک سے دوسری پارٹی میں جاتے رہتے ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ہوسکتا ہے رؤف حسن ہمارے کام آرہے ہوں، ہم نے اپنا بندہ پلانٹ کیا ہوا ہے، ان کو پتا ہی نہیں چلتا اور رؤف حسن ہمارا کام کردیتا ہے، جیسے رؤف حسن نے بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹر ہینڈل کے بارے میں بتایا۔

’ہم بھی یہی کہتے ہیں تحریک انصاف فارن فنڈنگ والی جماعت ہے،اس بات کی تصدیق رؤف حسن کررہے ہیں۔‘
انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ نام نہیں بتاتے لیکن پی ٹی آئی کے اندر کچھ اور بھی ہمارے پلانٹڈ لوگ ہیں، یہ لوگ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملنے بھی جاتے ہیں اور ہمارے کام آتے ہیں، ہم پلانٹڈ لوگوں کو پیسے تو نہیں دیتے لیکن ان کو امید ہے ان کو کچھ بنا دیں گے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ فضل الرحمان اور محموداچکزئی کو ہی دیکھ لیں، کچھ تو اصول ہونے چاہئیں، یہ دونوں پی ٹی آئی کی جھولی میں جا کر بیٹھنے سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے معافی تومنگوا لیتے، فضل الرحمان کو بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ قرار دینے والی بات پر کھڑا رہنا چاہیے تھا۔
عمران خان کی اڈیالہ جیل سے رہائی سے متعلق سوال پر حنیف عباسی نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہرآتا نہیں دیکھ رہے، توشہ خانہ ٹوبانی پی ٹی آئی کے لیے ایک سرپرائز کیس ہوگا۔