طلاق کی بڑھتی شرح: سعدیہ فیصل نے خواتین کو ذمہ دار ٹھہرادیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اداکارہ اور ماڈل سعدیہ فیصل پاکستان کی معروف اداکارہ صبا فیصل کی بیٹی ہیں۔ وہ اپنی سپر اسٹار والدہ کے بہت قریب ہیں۔
سعدیہ فیصل کی شادی کو ایک دہائی ہو چکی ہے اور وہ ایک بیٹے کی ماں بھی ہیں۔ وہ اپنے خاندان پر بہت توجہ دیتی ہیں اور وہ اپنے کام کے ساتھ اپنی خاندانی ذمہ داریوں کو بھی بخوبی نبھاتی ہیں۔
ایف ایچ ایم پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ فیصل نے کہا کہ ہم غیر ملکی نہیں ہیں اور ہماری اپنی روایات ہیں جو کبھی نہیں بدلیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شادیاں 2 خاندانوں کے درمیان ہوتی ہیں نہ کہ صرف لڑکا اور لڑکی کے بیچ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام خواتین جو یہ سوچ کر شادی کرتی ہیں کہ وہ صرف مرد سے شادی کر رہی ہیں وہ غلط ہوتی ہیں جس سے انہیں آگے چل کر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سعدیہ نے بڑھتی ہوئی طلاقوں کے بارے میں بھی بات کی جس کا مشاہدہ ان دنوں شوبز انڈسٹری میں بھی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب خواتین خود مختار ہوتی ہیں تو ان کی برداشت کی سطح کم ہو جاتی ہے اور وہ بالکل بھی سمجھوتا نہیں کرتیں اور ان دنوں بڑھتی ہوئی طلاقوں کی وجہ یہی برداشت کی کمی ہے۔
سعدیہ نے مزید کہا کہ جب خواتین زیادہ کماتی ہیں تو ان کا دماغ آسمان پر ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ شادیاں کامیاب نہیں ہو پارہیں۔