پاکستان میں طویل ترین دن کا اختتام، کیا اب گرمی کم ہونا شروع ہو جائے گی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں جمعہ کو سال کا طویل ترین دن رہا کیوں کہ اس روز زمین کا قطب شمالی حصہ سورج کے سب سے قریب ترین ہوتا ہے، 21 جون کے بعد راتیں لمبی اور دن کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
21 جون کو موسم گرما کا طویل ترین دن قرار دیا جاتا ہے، یہ وہ دن ہوتا ہے جس کے بعد موسم میں تبدیلی آنا شروع ہو جاتی ہے۔ماہرین کے مطابق ایسا سال میں 2 بار ہوتا ہے، جس میں سب سے طویل اور مختصر ترین دنوں کی نشاندہی ہوتی ہے۔
زمین کے شمالی نصف کرہ میں موسم گرما کا سورج عام طور پر 20 یا 21 جون کو آتا ہے جبکہ جنوبی نصف کرہ میں یہ دسمبر میں ہوتا ہے۔
موسم گرما کے اس دن شمالی نصف کرہ میں رہنے والے لوگوں کے لیے سال کا سب سے لمبا ترین دن اور مختصر ترین رات ہوتی ہے، جس میں امریکا، برطانیہ ، کینیڈا، چین، آسٹریلیا اور بھارت اور پاکستان جیسے ممالک شامل ہیں۔
واضح رہے کہ دُنیا کے کئی ممالک میں اس دن کو ایک تہوار کے طور پر بھی بنایا جاتا ہے۔ دُنیا بھر کی ثقافتوں میں اسے اپنے اپنے طور پر منایا جاتا ہے، بھارت میں اس دن کو یوم یوگا کے طور پر منایا جاتا ہے۔
انگلینڈ میں واقع اسٹون ہینج یادگار جسے موسم گرما کے لیے خصوصی طور پر بنایا گیا ہے یہاں ہر سال موسم گرما کے آغاز کی علامت کے طور پر ہزاروں لوگ اسٹون ہینج کا رخ کرتے ہیں۔
کیا 21 جون موسم گرما کا گرم ترین دن ہوتا ہے؟
موسم گرما کا طویل ترین دن ہونے اور زیادہ وقت تک سورج کی حدت زمین پر پڑنے کے باوجود 21 جون موسم گرما کا گرم ترین دن نہیں ہوتا کیوں کہ زمین اور اس کی فضا کو گرم ہونے میں وقت لگتا ہے، یہی وجہ ہے کہ موسم گرما کے گرم ترین دن ممکنہ طور پر کئی ہفتوں تک برقرار رہتے ہیں۔