عرب دنیا

وفاقی وزیر مذہبی امور کی مدینہ منورہ آمد، پوسٹ حج انتظامات کا جائزہ لیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین پوسٹ حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان ہاؤس مدینہ منورہ پہنچے۔ ڈائریکٹر مدینہ منورہ ضیاء الرحمن نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو حج آپریشن اور حج كے بعد حجاج كرام كی مدینہ آمد كے انتظامات پر بریفنگ دی۔
چوہدری سالک حسین نے پاکستان ہاؤس میں قائم کیے گئے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور جاری حج آپریشن کا جائزہ لیا۔ وزیر مذہبی امور نے حج سے قبل حرم نبویﷺ سے قریب ترین رہائش کے حصول اور ریاض الجنہ کی زیارت کے ہموار نظام پر ڈائریکٹر مدینہ منورہ ضیاء الرحمن کو شاباش دی اور کہا کے حج کے بعد مدینہ منورہ آنے والے حجاج کرام کے لیے بھی ایسی ہی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے عازمین حج کی شدید گرم موسم کے باوجود حجاج کی حفاظت اور بہترین سہولتوں کی فراہمی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی حكومت كا پرمٹ كے بغیر ’حج نہیں‘ لائق تحسین ہے اور اس سے حج كے دنوں میں مكاتب پر بوجھ بہت كم رہا جس سے حجاج كرام كو فائدہ ہوا۔ وزیر مذہبی امور نے پاکستان ہاؤس کے کارکنان سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان حج مشن محنت، لگن اور دینی جذبے کے تحت عازمین حج کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے پاکستان حج مشن کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کے موقع پر مدینہ حج مشن کے مین کنٹرول آفس میں قائم کیے گئے شکایات سیل، شعبہ گمشدگی و بازیابی، مدینہ آمد و روانگی کے مراکز کا بھی دورہ کیا اور کام کا جائزہ لیا۔ پاكستان حج میڈیكل مشن میں مریضوں سے ملاقات كی اور تیمارداری کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔

متعلقہ خبریں