عُمر شریف سے ملاقات کرنا عامر خان کی خواہش تھی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے ماضی میں کیے گئے دورۂ پاکستان کے دوران کامیڈین کنگ عُمر شریف سے ملاقات کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ عُمر شریف سے ملنا، اُن کی خواہش تھی۔حال ہی میں شدید علالت کے بعد انتقال کرجانے والے پاکستان کے کامیڈین کنگ عُمر شریف نے ناصرف اپنے ملک میں اپنی ایک خاص پہچان بنائی بلکہ سرحد کے اُس پار یعنی بھارت میں بھی کئی اداکاروں نے عُمر شریف کی کامیڈی کو بہت پسند کیا۔
بھارتی اداکاروں نے عُمر شریف کو اپنا اُستاد قرار دیا اور اپنی فلموں میں اُن کے کامیڈی کے منفرد انداز کو اپنانے کی کوشش بھی کی۔بالی ووڈ اداکار عامر خان بھی عُمر شریف کے پُرستار تھے جس کا انکشاف اُنہوں نے اپنے دورۂ پاکستان میں ایک تقریب کے دوران کیا تھا۔عامر خان نے ایک تقریب کے دوران عُمر شریف سے ملاقات کی تھی اور اسی دوران بالی ووڈ اداکار کا کہنا تھا کہ ’اُن کی والدہ پاکستانی ڈرامے بہت شوق سے دیکھتی ہیں اور اُنہوں نے بھی کئی پاکستانی ڈرامے دیکھے ہیں۔‘
بالی ووڈ اداکار نے عُمر شریف سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’ایک مرتبہ، میری والدہ نے مجھے آپ کا ڈرامہ ’بکرا قسطوں پہ‘ دیکھنے کا مشورہ دیا اور جب میں نے وہ ڈرامہ دیکھا تھا تو میں قہقہے لگا لگا کر پاگل ہوگیا تھا۔‘