تربت ،لاپتہ افراد کا دھرنا، آج پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، لواحقین


تربت(قدرت روزنامہ)لاپتہ افراد کے لواحقین کے کیمپ کو سات دن مکمل آج پریس کانفرنس کریں گے.ضلع کیچ کے مختلف علاقوں بلیدہ،پیدارک اور آپسر تربت سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کے لواحقین کے احتجاجی دھرنے کو آج سات دن مکمل ہوگئے جو ڈی سی آفس تربت کے سامنے جاری ہے۔ لواحقین نے عید کے روز سے اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے دھرنا دیا ہے جو تا حال جاری ہے،جسمیں لاپتہ مسلم عارف،فتح میار،جان محمد،سمیر بلوچ،میران بلوچ،اور جہانزیب فضل کے خاندان شامل ہیں۔لواحقین اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان اس سلسلے میں مزاکرات بھی ہو چکے ہیں لیکن مزاکرات ابھی تک سود مند ثابت نہیں ہوئے ہیں،لواحقین کے مطابق ان کامطالبہ یہی ہےکہ اگر انکے لاپتہ لوگ مجرم ہیں تو آئین وقانون کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ مطمئن ہوسکیں۔ لواحقین نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہاکہ وہ آج دھرناگاہ سے ایک اہم پریس کانفرنس کرکے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔