ٹی 20 ورلڈ کپ میں نئی تاریخ رقم : افغانستان نے آسٹریلیا کو شکست دیدی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر 8 مرحلے کے میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے دی ہے۔
سینٹ ونسنٹ، کنگز ٹاؤن کے آرنس ویل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے ٹیم کو 118 رنز کی شراکت سے شاندار آغاز فراہم کیا۔ رحمان اللہ گرباز نے 49 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے جبکہ ابراہیم زدران نے 48 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔

افغان کھلاڑی کریم جنت 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نبی 10رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے اپنے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض لگاتار3 وکٹیں لیکر رواں ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک اور ہیٹرک کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
آسٹریلوی باؤلر ایڈم زمپا 2 اور مارکس اسٹائنس 1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

جوابی اننگز میں آسٹریلیا کی ٹیم 127 رنز پر آخری اوور میں آل آؤٹ ہوگئی اور افغانستان نے 21 رنز سے فتح اپنے نام کرلی۔