اسد قیصر اور مولانا فضل الرحمان نے عوام دشمن بجٹ مسترد کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال سمیت قومی اسمبلی میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بجٹ کو آئی ایم ایف بجٹ اور عوام دشمن بجٹ قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر اتفاق سمیت کراسنگ پوائنٹس پر اکنامک کوریڈور قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی تحفظات دور کرنے اور سیاسی حکمت عملی کے لیے نکات کا تعین کرے گی۔