عینا آصف کو دوران شو لڑکے نے پروپوز کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کم عمری میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ عینا آصف اُس وقت ورطہ حیرت میں مبتلا ہو گئیں جب دوران شو ایک نوجوان نے جذباتی انداز میں انہیں پروپوز کردیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرا م میں اداکارہ نے شرکت کی اور اس دوران ان سے پروگرام میں شریک لوگوں کے سخت سوالات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ان کے نام کے حوالے سے ایک نوجوان لڑکی نے سوال کیا کہ آپ کا نام عینا آصف ہے لیکن لوگ آئینہ بھی کہتے ہیں تو پھر اس پر آپ کا کیا ردعمل ہوتا ہے۔ اداکارہ نے جواب دیا میں اس طرح کی چیزوں کی زیادہ پریشانی نہیں لیتی ہاں میرے بابا مجھے پیار سے آئینہ، آئینہ کہتے ہیں۔
ان سے ایک اور سوال کیا گیا کہ کس اداکار کے ساتھ سین کرتے ہوئے سب سے زیادہ نروس ہوتی ہیں۔ جواب میں انہوں نے بتایا ایک ڈرامے میں اداکار عمیر رانا اور اداکارہ حدیقہ کیانی نے میرے والدین کا کردار ادا کیا تو اس دوران میں بہت زیادہ نروس تھی اور کوشش کرتی تھی کہ ان کے برابر کی انرجی میری ایکٹنگ میں ہونی چاہیے۔
شو میں موجود ایک لڑکے نے اپنی ایکٹنگ اسکلز کو دکھانے کے لیے شو کے ہوسٹ کے سامنے عینا آصف کو پروپوز کیا کہ میں آپ کی بیٹی سے بہت پیار کرتا ہوں جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور اداکارہ نے کمال ایکٹنگ کرنے پر لڑکے کی تعریف بھی کی اور مزید محنت کرنے کا بھی مشورہ دیا۔