مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی: مختلف ممالک سے سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ گئے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سکھ کمیونٹی کے مذہبی تہوار مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 185 ویں برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے سکھ یاتری بیرونی ممالک سے پاکستان پہنچ گئے۔
اے پی پی کے مطابق سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب گوردوارہ جنم استھان پر آمد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد،اے ایس پی سرکل ننکانہ صابرہ ایوب و دیگر ضلعی افسران کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
مہمان نوازی، فول پروف سیکیورٹی پر وفاقی و پنجاب حکومت سے یاتریوں کا اظہار تشکر
ننکانہ صاحب پہنچنے پر مہمان سکھ یاتریوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔ مہمان یاتریوں نے بہترین انتظامات، فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے اور ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے شاندار استقبال کرنے پر حکومت پاکستان، حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ ننکانہ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقعے پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے کہا کہ دنیا بھر سے 448 سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں مذہبی تہوار میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب آنے والے غیر ملکی مہمانوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور پنجاب حکومت مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے ہر شخص کو پاکستان کے آئین کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں۔
چوہدری محمد ارشد کا کہنا تھا کہ بابا گرو نانک کی تعلیمات میں محبت اور امن کا درس موجود ہے، دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کا خاص خیال رکھنا اور انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے عوام سکھ روایات اور مقدس مقامات کا بیحد احترام کرتے ہیں۔