ملک میں کوئی نوگو ایریاز نہیں، عزم استحکام کا موازنہ گزشتہ مسلح آپریشنز سے نہ کیا جائے، وزیراعظم ہاؤس


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ملک میں کوئی نوگو ایریاز نہیں، دہشتگردوں کی پاکستان میں منظم کارروائیاں کرنے کی صلاحیت کو شکست دی جا چکی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ اعلان کردہ وژن کا نام عزم استحکام رکھا گیا ہے، اس کا موازنہ گزشتہ مسلح آپریشنز جیسے ضرب عضب اور راہِ نجات سے کیا جارہا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق گزشتہ مسلح آپریشنز میں نوگو علاقوں میں ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں کے لیے مقامی آبادی کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی ضرورت تھی۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آپریشن عزم پاکستان کی منظوری دی گئی تھی۔
آپریشن عزم استحکام کی پی ٹی آئی اور جمعیت علما اسلام کی جانب سے مخالفت کی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے۔