افغان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں رسائی، طالبان رہنما نے بھارت کا شکریہ کیوں ادا کیا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)افغان کرکٹ ٹیم کی ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی پر طالبان کے اہم رہنما سہیل شاہین نے بھارت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان نے ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں بنگلا دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر پہلی بار سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔
افغان ٹیم کے پہلی بار ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر افغانستان میں جشن منایا جارہا ہے، اور ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔
اسی اثنا میں طالبان کے اہم رہنما نے بھارتی حکومت سے بھی اظہار تشکر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ سہیل شاہین نے افغان کرکٹ کی بہتری کے لیے مسلسل تعاون پر بھارت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنے اسٹیڈیمز میں افغان کرکٹرز کو تربیت فراہم کی، جبکہ اس کے علاوہ بھارتی کمپنیوں کی طرف سے اسپانسر شپ بھی دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قندھار میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے بھارت نے ایک ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کی تھی۔
صرف یہی نہیں بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے گریٹر نوئیڈا میں شہید وجے سنگھ پاتھک اسپورٹس کمپلیکس کو افغان کرکٹ ٹیم کا عارضی ہوم گراؤنڈ قرار دیا ہے۔