آپریشن عزم استحکام: امریکا کا دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے دہشتگردوں کے حملوں میں بہت نقصان اٹھایا، کسی بھی ملک کو ایسی دہشتگردی کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں امریکا اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستانی فوج کے ساتھ ملٹری ٹو ملٹری تعلقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی معاملات پر پاکستان سے شراکت داری ہمارے اعلیٰ سطح کے ڈائیلاگ میں شامل ہے، پاکستان کے ساتھ فنڈنگ، انسداد دہشتگردی اور صلاحیت سازی کے پروگرام جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ سوات واقعے پر امریکا کو تشویش ہے، مذہبی طور پر تشدد کے واقعات قابل قبول نہیں۔
واضح رہے کہ حکومت سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے دہشتگردی کے خلاف آپریشن عزم استحکام کا فیصلہ کیا ہے، جس کی آج وفاقی کابینہ نے بھی منظوری دے دی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علما اسلام نے آپریشن کی مخالفت کردی ہے اور معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے آپریشن کی حمایت کردی ہے۔