بیرون ملک سفر کے خواہشمند نان فائلرز کے لیے بری خبر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس کے نان فائلرز کو بیرون ملک سفر سے روکے جانے سے پہلے اپنی پوزیشن واضح کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 116 کے تحت شریک حیات کے غیر ملکی اثاثوں اور اثاثوں کے اعلان میں وضاحت شامل کی جائے گی، اس صورت میں کہ شریک حیات ٹیکس دہندہ کے زیر کفالت ہو۔
وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو دیکھے گا کہ آیا نان فائلر کی دیر سے ریٹرن فائل کرنے کی عادت تو نہیں، اس حوالے سے اس کے مطابق جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ کہا کہ اگر نان فائلر نے مقررہ تاریخ کے اندر ایک بار بھی انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کروایا تو جرمانے کی رقم میں اضافہ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نان فائلرز کے لیے ٹیکس کے نفاذ کو مضبوط بنانے کے لیے وفاقی حکومت نے نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگانے کی تجویز دی ہے۔