الیکشن کمیشن کو کسی پارٹی کو انتخابات سے باہر کرنے کا اختیار نہیں، جسٹس اطہر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کو اختیار نہیں کہ کسی پارٹی کو انتخابات سے باہر کرے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے سربراہی میں فل کورٹ نے کیس کی سماعت کی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو انتخابات سے الگ کر دیا تھا، سپریم کورٹ اگر کہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلے کی غلط تشریح کی تو کیا اثرات ہوں گے؟
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کیا ایسا مانا جائے کہ تحریک انصاف کو انتخابات سے باہر کیا گیا کیونکہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی؟ بینچ تو کہہ رہا کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ ایک امیدوار کی بات نہیں، تحریک انصاف کی بات ہو رہی جو قومی جماعت ہے، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو کہا کہ آپ کو نشان نہیں ملے گا، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا لیکن ایسا نہیں کہا کہ تحریک انصاف کو انتخابات سے باہر کر دیں۔
جسٹس منیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کو تحریک انصاف کو انتخابات سے باہر کرنا مقصد ہرگز نہیں تھا، بلے کے نشان کے فیصلے کے ساتھ سپریم کورٹ کھڑی ہوتی لیکن تحریک انصاف کو انتخابات سے باہر کرنا مقصد نہیں تھا۔ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت پیر ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دی۔