گوادر میں زمینوں پر تجاوزات اور لینڈ مافیا کیخلاف ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی


گوادر(قدرت روزنامہ)ڈپٹی کمشنر حمود الرحمت نے کہا ہے کہ گوادر میں کلانچی پاڑہ سمیت کسی بھی علاقے میں تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تجاوزات سے متعلق اجلاس کی صدارت کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کلانچی پاڑا گوادر کی زمینوں پر ناجائز تجاوزات اور لینڈ مافیا کے خلاف تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات اور اس کی روک تھام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیوں کو بروئے کار لائیں۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسر بھی موجود تھے، جس میں ایڈشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گوادر سربلند خان، اینٹی انکروچمنٹ انفورسمنٹ آفیسر جی ڈی اے منیر احمد، تحصیلدار گوادر چنگیز خان، ایس ایچ او گوادر محسن علی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس مسئلے کے تدارک کے لیے تفصیلی بحث مباحثہ ہوا اور زمینوں کے ناجائز تجاوزات کے حوالے سے مستقبل کا لائے عمل طے پایا گیا۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر گوادر نے کلاچی پاڑا اور دیگر سرکاری محکموں اور سرکاری زمینوں کی ناجائز تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے سخت احکامات اور ہدایات جاری کیں۔