قطر کے خاص فیسٹیول میں رسیلے پاکستانی آم کی دھوم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قطر کے دارالحکومت دوحہ میں الحمبہ فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں پاکستانی خوش ذائقہ اور رسیلے پاکستانی آموں کا خوب چرچا ہورہا ہے۔
قطر میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق، الحمبہ فیسٹیول 27 جون سے 6 جولائی 2024 تک دوحہ کے سوق وقف میں جاری رہے گا، اس فیسٹیول میں گزشتہ روز پاکستانی آموں کی تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانہ نے پرائیویٹ انجینئرنگ آفس کی جشن آرگنائزنگ کمیٹی کے تعاون سے اس تقریب کا انعقاد کیا، 10 دن تک جاری رہنے والے فیسٹیول میں پاکستانی آموں کی کی نمائش کی جائے گی۔
قطر میں پاکستانی آموں کے اس بڑے میلے میں 43 سے زائد کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں، الحمبہ فیسٹیول کے شرکا بہترین پاکستانی آموں کے مختلف ذائقوں کا لطف اٹھائیں گے۔ الحمبہ فیسٹیول میں سندھڑی، سفید و کالا چونسہ، انور رٹول اور دوسہری سمیت پاکستانی آموں کی متعدد اقسام پیش کی جارہی ہیں۔
مقامی اور پاکستانی کمپنیاں بھی فیسٹیول میں شریک
ترجمان کے مطابق، فیسٹیول میں موسمی پھل بھی نمائش میں رکھے گئے ہیں جن میں فالسہ، جامن اور آڑو شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، روایتی پاکستانی کھانے اور پکوان بھی شرکا کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی طور پر مقامی ریستوران اور کیفے ایک متنوع مینیو کے ساتھ فیسٹیول میں شریک ہیں۔

مختلف اقسام کے نمائش کنندگان بشمول درآمد کنندگان، خوردہ فروش اور برآمد کنندگان بھی الحمبہ فیسٹیول میں شریک ہیں، پاکستان کی کمپنیاں پراسیسڈ فوڈز اور خشک آم کی نمائش بھی کریں گی۔
ان کمپنیوں میں زہیر امپیکس، اکین فوڈز، کاشان ٹریڈرز، فرائیڈے فریش پرائیویٹ لمیٹڈ، نورس پرائیویٹ لمیٹڈ، پاک خیبر ٹریڈرز، آج انٹرپرائزز، الحمد ایگرو کیمیکلز، اور سوات انٹرنیشنل ٹریڈنگ کمپنی سمیت متعدد پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔
میلے میں بڑے ریٹیل اسٹورز بشمول البلادی ہائپر مارکیٹ، مرزا ہائپر مارکیٹ، سندر مارٹ اور الحمالیہ ٹریڈنگ بھی شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق، ڈیزرٹ گرین قطر کی طرف سے ایک منفرد ڈسپلے بھی الحمبہ فیسٹیول کے شرکا کی توجہ کا مرکز رہے گا۔