بجٹ 25-2024: بیرون ملک سفر کے لیے ٹکٹوں پر ٹیکس میں کتنا اضافہ ہوا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی نے مالی سال 25-2024 کا بجٹ منظور کرلیا، اور اس دوران بیرون ملک سفر کے لیے ٹکٹوں پر ٹیکس میں اضافہ کرنے کی شق بھی منظور کرلی گئی۔
فنانس بل کے مطابق اب یکم جولائی سے بیرون ملک سفر کرنے پر اکانومی اور اکانومی پلس کے ٹکٹ پر 12 ہزار 500 روپے ٹیکس دینا ہوگا۔
اس کے علاوہ یکم جولائی سے امریکا اور کینیڈا بزنس کلاس اور کلب کلاس کے ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی ایک لاکھ روپے تک بڑھا دی گئی۔
بل کے مطابق امریکا، نارتھ امریکا، لاطینی امریکا اور کینیڈا کے بزنس اور کلب کلاس ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی 2.5 سے بڑھا کر 3.5 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
فنانس بل کے مطابق یورپ کے لیے یکم جولائی سے بزنس کلاس اور کلب کلاس کے ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی میں 60 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
یکم جولائی سے یورپ کے بزنس اور کلب کلاس ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی 1.5 سے بڑھا کر 2 لاکھ 10 ہزار روپے کردی گئی۔
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے لیے یکم جولائی سے بزنس کلاس اور کلب کلاس کے ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی 60 ہزار روپے بڑھا دی گئی۔
اب نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے یکم جولائی سے بزنس اور کلب کلاس کے ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی 2 لاکھ 10 ہزار روپے ہو جائے گی۔
بجٹ میں چین، ملائیشیا اور انڈونیشیا سمیت فار ایسٹ کے بزنس اور کلب کلاس ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی 2 لاکھ 10 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
فنانس بل کے مطابق بجٹ میں دبئی، سعودی عرب سمیت مڈل ایسٹ اور افریقی ممالک کے بزنس اور کلب کلاس ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی میں 30 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ یکم جولائی سے دبئی، سعودی عرب اور افریقی ممالک کے ٹکٹ پر ایک لاکھ 5 ہزار روپے ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جائے گی۔