محرم الحرام، سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ، کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت سندھ نے کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے . صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ماہ محرم میں کسی بھی ممکنہ تخریب کاری کے سدباب کے لیے یکم تا 10 محرم تک سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے جب کہ کراچی میں 9 اور 10 محرم کے دوران موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی ہے .

صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ محرم میں بغیر اجازت جلوس اور ریلی نکالنے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی اور پابندی کا اطلاق یکم محرم سے 10محرم تک رہےگا جب کہ 9 اور 10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی ہوگی، تاہم ڈبل سواری پر پابندی سے خواتین، بچے، صحافی اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مستثنی ہوں گے . نوٹیفیکیشن کے مطابق محرم کے دوران اسلحہ کی نمائش، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے اور جلوس کے علاوہ 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر بھی پابندی عائد ہوگی . واضح رہے کہ ماضی میں محرم الحرام کے دوران دہشتگردی اور تخریب کاری کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں . جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کیساتھ بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے . . .

متعلقہ خبریں