راولپنڈی;اڈیالہ جیل میں تین حوالاتیوں کا منصوبہ بندی کے تحت جھگڑا، ایک حوالاتی زخمی
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)اڈیالہ جیل راولپنڈی میں تین حوالاتیوں کا منصوبہ بندی کے تحت جھگڑا،خود ساختہ کٹر کے وار سے ایک حوالاتی کو شدید زخمی کر دیا۔اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایف آئی آر میں حماد صدیق، شاہ ویز اور شمس نامی حوالاتیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق حوالاتی حماد صدیق بیرک ایک سے بارک نمبر آٹھ میں گیا اور شاہ ویز اور شمس کے ساتھ جھگڑے کیلئے مشورہ کیا۔حوالاتی شمس بیرک ایک سے صائم کو بلا کر برآمدے تک لایا جہاں حماد صدیق اور شاہ ویز نے خود ساختہ کٹر کے وار سے صائم کے ناک پیشانی اور بازو کو زخمی کیا۔
مقدمہ میں ایس جی وارڈر عدیل شہزاد، چیف ہیڈ وارڈر فیاض احمد کو گواہ کے طور پرشامل کیا گیا ہے۔ پولیس نے باقاعدہ تفتیش کا آغاز بھی کردیا۔