کوہلو، تنگا ندی کے کازوے میں گڑھے پڑگئے، گاڑیوں کو گزرنے میں مشکلات

کوہلو(قدرت روزنامہ)تنگا ندی کے کازوے میں سیلابی ریلے کے باعث گہرے گڑھے پڑ چکے، مرکزی شاہراہ پر گزرنے والے مسافر و مال بردار گاڑیوں کو شدید مشکلات درپیش ، محکمہ مواصلات کے افسران و عملے نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں . رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کوہلو اور گردونواح میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کے باعث تنگا ندی میں ایک سے زائد مرتبہ سیلابی ریلے گزر گئے جس کے باعث کوہلو ڈی جی خان شاہراہ کیڈٹ کالج کے مقام پر تنگا ندی کازوے میں سیلابی ریلے میں بہہ کر آنے والے بڑے پتھروں اور گہرے گڑھے پڑ جانے سے شاہراہ پر گزرنے والے افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں .

دوسری جانب محکمہ مواصلات کے پاس وسائل اور افرادی ہونے کے باعث تاحال کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں ،ایگزیکٹو انجینئر مواصلات گزشتہ کئی ماہ سے اسٹیشن میں موجود نہیں جبکہ دیگر اسٹاف کی عدم حاضری اور بالخصوص قلی تک ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں . دوسری جانب شاہراہوں اور سڑکوں کی مرمت سمیت دیگر مد میں ملنے والے حکومتی فنڈز کا بھی جون میں صفایا کردیا گیا ہے . کوہلو کے عوامی حلقوں نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو لعل جان جعفر، کمشنر سبی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کوہلو سے اہم سرکاری محکمے میں غفلت و کوتاہی برتنے پر افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور تنگا کازوے کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے . . .

متعلقہ خبریں