انوشے اشرف رشتہ ازدواج میں منسلک، دولہا کون ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ٹیلی وژن کی معروف میزبان اور سابق دی جے انوشے اشرف شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ اس بات کا اعلان انہوں نے اپنے انسٹاگرام کی ایک پوسٹ کے ذریعے کیا اور ساتھ ہی اس یادگار موقعہ کی خوبصورت تصاویر بھی شیئر کردیں۔
انوشے نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کم عمری میں کیا تھا۔ وہ پہلی بار انڈس میوزک/ایم ٹی وی پاکستان کے میوزیکل شوز اور لائیو ٹرانسمیشنز میں نظر آئیں۔

ان کا شمار پاکستان میں وی جیز کی پہلی کھیپ میں ہوتا ہے۔ انوشے کو اپنی اسٹائلش اور بولڈ شخصیت کی وجہ سے بہت سراہا جاتا ہے۔ وہ ڈان نیوز کے مشہور مارننگ شو ’چائے، ٹوسٹ اور ہوسٹ‘ کی میزبان بھی تھیں۔
نکاح کی تقریب ان کے گھر پر منعقد ہوئی جس میں انوشے اشرف کے قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔

عائشہ عمر، علی حمزہ اور ڈینو بھی ان کے نکاح کے موقع پر دیکھے گئے۔ انوشے کا نکاح آن لائن ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا۔

انوشے اشرف کے بہترین دوست ڈینو نے ایک خوبصورت نوٹ کے ساتھ تصاویر شیئر کیں جس میں لکھا ہے کہ ’ہم نے اپنی بہترین دوست انوشے اشرف کے اس خاص دن کا بہت انتظار کیا تھا‘۔
معروف اینکر کی ہمشیرہ نتاشہ قزلباش نے انوشے اور ان کے دلہا شہاب رضا کی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں انہوں نے دونوں کو مبارکباد دی۔

لوگ اکثر انوشے سے پوچھا کرتے تھے کہ وہ شادی کب کریں گی۔ اب اپنی شادی کی مختصر اطلاع اور تصاویر کے ذریعے انہوں نے بالآخر اس سوال کا جواب دے دیا۔