عمران خان کی رہائی کے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا: بیرسٹر سیف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پارٹی کارکنوں کی رہائی کے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے ملک میں نئے انتخابات سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا موجودہ الیکشن کمیشن کی موجودگی میں شفاف الیکشن کا انعقاد ناممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان کو جعلی حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کرنا چاہیے، پہلے الیکشن کے لیے سازگار ماحول بنانا ہو گا، الیکشن کے نتائج فارم 47 کے ذریعے سبوتاژ کیے گئے۔
مشیر اطلاعات کے پی کا کہنا تھا موجودہ چیف الیکشن کمشنر کو آئین شکنی کی قرار واقعی سزا دینی چاہیے، فارم 47 کے سازشی ٹولے کو بھی سخت سزا دینا ہو گی۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا موجودہ حکومت نے ملک کو مسائل کے دلدل میں پھنسایا ہے۔
ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی کے بغیر ملک آگے نہیں جاسکتا، بانی پی ٹی آئی کے بغیر نئے انتخابات ادھورے اور ناقابل قبول ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا ملک میں فوری طور پر نئے اور شفاف انتخابات کروائے جائیں اور اسٹیلشمنٹ خود کو اس معاملے سے دور رکھے۔