خیبر پولیس نے تختہ بیگ چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا


پشاور(قدرت روزنامہ) خیبر پختونخوا کے علاقے تختہ بیگ چوکی پر دہشت گردوں کا راکٹ لانچرز اور بھاری ہتھیاروں سے حملے کو خیبر پولیس نے ناکام بنا دیا۔ خیبر پولیس کے بہادر اور شیر دل جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے انہیں فرارہونے پر مجبور کردیا۔
خیبر حملے میں روڈ پرمشترکہ ناکہ بندی پر موجود ایک پولیس اور ایک ایف سی اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق خیبر پولیس نے جوان مردی اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوے حملہ کو پسپا کردیا، دہشت گرد رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔
خیبر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی ہے اورعلاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
ڈی پی او خیبر سلیم عباس کلاچی کا کہنا تھا کہ پولیس جوان پہلے سے الرٹ تھے اور بہترین حکمت عملی اپناتے ہوئے دونوں چوکیوں تختہ بیگ اور نواب شاہ شہید چوکی سے بروقت کاروائی کرنے سے دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔
ڈی پی او خیبر کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت ایک ایف سی کا جوان شہید ہو گئے ہیں۔