کراچی میں گرم ترین رات کا ریکارڈ ٹوٹ گیا


کراچی(قدرت روزنامہ)شدید گرمی اور حبس کے باعث شہر قائد میں گرم ترین رات کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا . محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات کراچی کے لیے جولائی کی اب تک کی گرم ترین رات تھی جس میں کم سے کم درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا .


اس سے قبل، سال 2021 اور 2022 میں جولائی کے مہینے میں کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوچکا ہے جبکہ 2024 جولائی میں پہلی مرتبہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا . جولائی کا معمول کا درجہ حرارت 27.9 ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن گزشتہ رات معمول سے 4.1 ڈگری سینٹی گریڈ زائد درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا .
دوسری جانب، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں تاحال مکمل طور پر بحال نہ ہوسکیں جس کے باعث گرمی کی شدت برقرار ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زائد رہنے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو رہی ہے .
کراچی کا موسم آج بھی گرم و مرطوب رہنے اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے . محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر 15 سے 25 کلومیٹر کی رفتار سے مغربی، شمال مغربی اور جنوب مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ اگلے 24 گھنٹوں میں سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال ہونے کی توقع ہے .

. .

متعلقہ خبریں