گوادر،مولانا ہدایت الرحمان کا سول ہسپتال کا اچانک دورہ، دواران ڈیوٹی ڈاکٹر کی نشے کی حالت میں موجودگی پر برہم


گوادر(قدرت روزنامہ)مولانا ہدایت الرحمان کا سول ہسپتال کا اچانک دورہ، ڈاکٹر کی نشے کی حالت میں موجودگی پر برہمی گزشتہ شب ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گوادر سول ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور ان کی حالت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں کی ڈیوٹی کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔دورے کے دوران مولانا ہدایت الرحمان نے ڈاکٹر اسد اللہ کو نشے کی حالت میں پایا۔ مذکورہ ڈاکٹر نشے کی حالت میں مریضوں کا معائنہ کر رہے تھے، جس پر ایم پی اے نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ مولانا ہدایت الرحمان نے ڈاکٹر اسد اللہ کو خبردار کیا کہ مریضوں کا علاج نشے کی حالت میں کرنا انتہائی غیر اخلاقی اور خطرناک ہے۔اس پر ڈاکٹر اسد اللہ نے ایم پی اے کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے گالی گلوچ کی اور بعد میں سوشل میڈیا پر بھی ایم پی اے کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی۔آج ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے سیکریٹری ہیلتھ بلوچستان سمیت دیگر ذمہ داران کو تحریری مراسلہ جاری کیا ہے۔ مراسلے میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر اسد اللہ کے خلاف فوری طور پر محکمانہ کارروائی کی جائے، کیونکہ ان کی نشے کی حالت میں مریضوں کا علاج کرنے کی وجہ سے ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈاکٹر اسد اللہ کا تبادلہ کیا جائے اور ان کی جگہ کسی قابل اور ذمہ دار ڈاکٹر کو تعینات کیا جائے تاکہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال ہو سکے۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے مریضوں کی فلاح و بہبود اور ہسپتال کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔