آئی ایم ایف کی شرائط پر فنانس بل کے نفاذ سے مہنگائی بڑھے گی، بلوچستان بار کونسل


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان بار کونسل کے جاری بیان میں آئی ایم ایف کی شرائط پر فنانس بل کے نفاذ سے ملک بھر میں ایک مہنگائی کی لہر آئے گی جس سے عام عوام کا جینا محال ہوگیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اس وقت بدترین سیاسی، معاشی بحران کا شکار ہے، ملک میں لاقانونیت عروج پر ہے، جس کا واحد حل ملک کے اندر حقیقی معنوں میں جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی ہے لیکن بدقسمتی سے حالیہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کی وجہ سے پاکستان کے وقار کو مجروح کیا گیا، عوامی مینڈیٹ کی چوری کی گئی، مہنگائی، بجلی، پیٹرول، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، کروڑوں عوام دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اشرافیہ اپنا خرچہ کم کرنے کیلئے تیار نہیں، پنڈی اسلام آباد اپنا آدھا خرچہ بھی کم کریں تو عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، پنڈی اسلام آباد نے اپنے اخراجات میں کم کرنے کے بجائے اضافہ کیا۔ بلوچستان بار کونسل وفاق کی جانب سے پیش کردہ فنانس بل جس سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوسکتا ہے، جس کو مسترد کرتے ہیں۔ بیان میں بلوچستان کے حالیہ بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ترقی کا بجٹ عوام دوست بجٹ نہیں بلکہ میگا کرپشن کا بجٹ ہے جس کیخلاف آئندہ کے اجلاس میں لائحہ عمل طے کرکے احتجاج کیا جائے۔