یو این او کا اعتراض مسترد، حکومت نے عمران خان کی گرفتاری کو داخلی معاملہ قرار دے دیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری اور زیر التوا مقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کے صوابدیدی حراست سے متعلق ورکنگ گروپ نے عمران خان کی گرفتاری اور مقدمات کو بلاجواز قرار دیا ہے اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس پر حکومت کی جانب سے آج ردعمل سامنے آیا ہے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے جہاں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو ملکی آئین و قانون اور عالمی اصولوں کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں، وہ ایک سزایافتہ قیدی کے طور پر جیل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا شفاف اور منصفانہ ٹرائل اور عدالتی نظام کا مظہر ہے، آئین، قانون اور عالمی اصولوں سے ماورا کوئی بھی مطالبہ امتیازی، جانب دارانہ اور عدل کے منافی کہلائے گا۔