سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان میں بحران ہے: شبلی فراز


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) رہنما تحریک انصاف شبلی فراز نے کہا ہےکہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان میں بحران ہے۔
رہنما تحریک انصاف شبلی فراز کا کنول شوذب کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں عوام کے منتخب نمائندے آئیں گے تو بہتری ہوگی، فارم 47 کی مہربانی سے وہ لوگ اسمبلی میں بیٹھے ہیں جو عوام کی نمائندگی نہیں کرتے، اس بجٹ کے ذریعے پاکستانی عوام پر معاشی یلغار کردی گئی، اس کے عوام متحمل نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا،سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان میں بحران ہے،ہمیں تشویش ہے کیس کو کھینچا جا رہا ہے،پوری دنیا میں تنقید ہورہی ہے کہ یہ کیسے انتخابات ہوئے ہیں، کل یو این رپورٹ میں کہا گیا ہم اسے کیس سٹڈی بنائیں گے۔
رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی معیشت نیچے جارہی ہے جس کی بنیادی وجہ صاف اور شفاف الیکشن نہ ہونا ہے، جب تک عوامی نمائندے پارلیمان میں نہیں بیٹھیں گے تب تک آئی ایم ایف آپ کے فیصلے کرے گی، آئی ایم ایف کو آپ سے کوئی ہمدردی نہیں، عوامی نمائندے آئیں گے تو عوام کا خیال رکھیں گے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے بلا چھین کر آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی کی: کنول شوزب
رہنما تحریک انصاف کنول شوزب نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی کی ہے، سب سے بڑی جماعت سے بلا چھینا گیا اور انہیں سیاسی جماعت ماننے سے انکار کیا گیا اور ہم پر دباؤ ڈالا گیا کہ ہم آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب اس حوالے سے سوال کیا جاتا ہے تو چاہے اٹارنی جنرل کھڑے ہوں یا الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر کھڑے ہوں جو فرنچ زبان میں الیکشن کمیشن کی نمائندگی کرتے ہیں اورعدالت میں ان سے پاکستان کے منتخب ہونے والے نمائندوں تک کا نام نہیں لیا جاتا ہے۔
کنول شوزب نے مزید کہا کہ جب ان سے سوالات ہوتے ہیں کہ کونسے فارمولے کے تحت انہوں نے یہ نشستیں اپنی مرضی سے پارٹی کو نشستیں دیں تو وہ جواب نہیں دیتے۔