ہم اپنے بچوں کی عزت نہیں کرتے، جانوروں کیساتھ ہمدردی کیسے کریں گے؟ ثانیہ سعید
کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے بچوں اور جانوروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کردی۔حال ہی میں معروف بیوٹیشن و کاروباری شخصیت مسرت مصباح کے پوڈ کاسٹ میں ثانیہ سعید نے بطور مہمان شرکت کی اور انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ جانوروں بالخصوص کتوں کے حقوق کے حوالے سے کھل کر تفصٰلی گفتگو کی۔
انہوں نے دوران انٹرویو بتایا کہ پاکستان میں جانوروں پر ہونے والے تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، ان واقعات میں صرف بڑے ہی نہیں بلکہ بچے بھی ملوث ہیں، وہ بچے جنہیں صحیح غلط کی سمجھ بھی نہیں ہے، انہیں کئی بار سڑکوں پر گھومنے والے جانوروں پر تشدد کرتے دیکھا گیا ہے۔
ثانیہ سعید نے کہا کہ بچوں کو حسن سلوک سکھانا والدین کا فرض ہے، حسن سلوک صرف دوسرے انسان کے ساتھ ہی نہیں بلکہ جانوروں کے ساتھ بھی حسن سلوک سے پیش آنا چاہیے۔اداکارہ کے مطابق چھوٹے بچے جانوروں کے ذریعے حسن سلوک آسانی سے سیکھ سکتے ہیں۔ جانور خاص طور سے بلیاں اتنی جلد مانوس نہیں ہوتیں لیکن یہ ہی جانور بچوں کے ساتھ بہت جلدی گھل مل جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بچے جانوروں کے ساتھ گھلتے ملتے ہیں تو ان میں احساس ذمہ داری بیدار ہوتا ہے کہ مجھے اپنا اور اس کا بھی خیال رکھنا ہے، ایسی صورت میں والدین اپنے بچوں کو بغیر کچھ کہئے بہت کچھ سیکھا سکتے ہیں بس شرط یہ ہے کہ والدین جانوروں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں تو بچے بھی پھر زیادہ ہمدرد ہو جاتے ہیں۔
ثانیہ سعید نے پاکستانیوں کے عام رویئے کے حوالے سے بات کی اور کہا کہ ہم اپنے بچوں کی بھی عزت نہیں کرتے ہیں، ہم اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق اپنے بچوں کو ڈھالنے اور ان پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہی ہم جانوروں کے ساتھ بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ ہم اپنے بچوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش نہیں آتے ہیں اس لیے مجھے پورا یقین ہےکہ ایسے تمام افراد جانوروں کے ساتھ بھی ہمدردی نہیں کرسکتے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم بچوں اور جانوروں کے حقوق کے لیے بیک وقت کام کرسکتے ہیں۔ اس سے ہمارا معاشرہ بہتر ہو گا۔