مہنگائی، بجٹ میں ٹیکسز کیخلاف اسلام آباد میں حق دو عوام کے نام سے دھرنا دیں گے، جماعت اسلامی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجٹ میں ٹیکسز میں اضافے کے خلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں ”حق دو عوا م “کے نام سے دھرنا دے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوکوئٹہ پریس کلب میں عبدالولی شاکر، زاہد اختربلوچ،عبدالمجید سربازی، بشیر احمد ماندائی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ، انہوں نے کہاکہ بجلی بحران کے بعد گیس کا بحران پیدا ہو جائے گا موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ کی حکومت نہیں ہے اورمذکورہ حکومت فارم 47 کی حکومت ہے جن کا عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کی شرائط پر رواں مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسز میں کئی گنااجافہ کیا گیا اور اشرافیہ کوٹیکسز میں چھوٹ دی گئی ہے غریب عوام پر ٹیکسز کی بھرمار کی گئی جس کی وجہ سے غریب عوام پر مزید مہنگائی کو بوجھ بڑھ گیا ہے ان کا کہنا تھا کہ کس طرح موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ظالمانہ شرائط قبول کر کے غریب لوگو ں اور ملازمین پر بلا جواز طور پر ٹیکسز کی بڑھ مار کی ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں زمیندار اپنے مسائل کے حل اور بجلی کے طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف روڈوں پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن حکمرانوں نے انکے مسائل حل نہیں کئے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہے 9 جولائی کو بلوچستان کے تمام اضلاع میں کیمپس لگائے جائیں گے ہر صورت میں ہم اسلام آباد جائیں گے انہو ں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 12جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا بلوچستان سے بھی قافلے کی صورت میں دھرنے میں شرکت کیلئے کارکن اور عہدیدار جائیں گے ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ دھرنا حالیہ بجٹ میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ اور ناروا ٹیکسز کے خلاف دیا جائے گا دھرنے میں سیاسی جماعتوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اجتماعی مفاد کیلئے کردار ادا کیا ہے اور عوام پر حکمرانوں کی ناروا اقدامات کے خلاف ہر فورم پر آواز بلندکی جائے۔