بیٹے کی شادی سے پہلے امبانی خاندان نے 50 غریب جوڑوں پر سونے، چاندی کی برسات کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی ہونے جارہی ہے جس نے دنیا بھرکی توجہ اپنی جانب کر رکھی ہے۔ مکیش امبانی اپنے چھوٹے بیٹے کی شادی کے حوالے سے کافی جذباتی ہیں اور دل کھول کر اپنے ارمان پورے کررہے ہیں۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریب میں اب چند دن ہی باقی بچے ہیں۔ اب خبر آئی ہے کہ امبانی خاندان نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے نیک شگون کے طور پر ممبئی میں 50 غریب جوڑوں کی شادی کا اہتمام کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ریلائنس کارپوریٹ پارک (آر سی پی) نئی ممبئی میں ہونے والی اجتماعی شادی میں پالگھر کے علاقے کے 50 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھتے ہوئے نظر آئے۔ اس تقریب میں مکیش امبانی، نیتا امبانی، آکاش امبانی، شلوکا امبانی، ایشا امبانی اور آنند پیرامل سمیت پوری امبانی فیملی نے شرکت کی۔
33 2 300x180
امبانی خاندان نے خیرسگالی کے جذبے کے تحت ہر جوڑے کو تحفے کے طور پر سونے کے زیورات پیش کیے جن میں منگل سوتر، انگوٹھی اور نتھلیاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ ہر دلہن کو چاندی کے زیورات بھی پیش کیے گئے جن میں پیروں کے چھلے اور اور پازیب شامل تھی۔
امبانی خاندان نے ہر جوڑے کو سال بھر کا راشن اور ضروری گھریلو سامان بھی تحفے میں دیا۔ اس سامان میں برتن، گیس کا چولہا، مکسر اور پنکھا، میٹرس وغیرہ سمیت 36 ضروری اشیا شامل تھیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ امبانی خاندان کی جانب سے ہر دلہن کو ایک لاکھ روپے کا چیک بطور ’اسٹریدھن‘ بھی پیش کیا گیا۔
33 3 300x180
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اجتماعی شادی میں 800 سے زیادہ افراد نے شرکت کی جن میں دولہا اور دلہن کے خاندان کے افراد، مقامی سماجی کارکنان اور کمیونٹی کے افراد کو مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب کے بعد مہمانوں کے لیے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔
یاد رہے کہ اننت امبانی کی شادی کے سلسلے میں امبانی خاندان نے پہلے بھارت کے گاؤں جام نگر میں 3 روزہ پری ویڈنگ جشن کا انعقاد کیا تھا جس میں دنیا کی امیر ترین اور معروف شخصیات نے شرکت اور نامور فنکاروں نے پرفارم کیا تھا۔
33 4 300x180
بعد ازاں امبانی خاندان نے ایک عظیم الشان کروز پارٹی کی میزبانی کی تھی جو 29 مئی کو اٹلی میں شروع اور یکم جون کو فرانس میں اختتام پذیر ہوئی تھی۔ اس تقریب میں کیٹی پیری، بیک اسٹریٹ بوائز اور دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی باقاعدہ تقریبات کا آغاز 12 جولائی کو شبھ ویواہ یا شادی کی تقریب سے ہوگا۔ اس کے بعد 13 جولائی کو شبھ آشیرواد اور14 جولائی کو ایک شاندار استقبالیہ منعقد کیا جائے گا۔