پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ساز تیزی، انڈیکس 80 ہزار کی سطح عبور کرگیا


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ساز تیزی کے نتیجے میں 100 انڈیکس 80 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔
کاروباری ہفتے کے مسلسل تیسرے دن پی ایس ایکس میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ بدھ کے روز کاروبار کا آغاز 411 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا جب کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 79964 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، تاہم بعد میں بتدریج 557 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ انڈیکس 80110 پوائنٹس اور پھر 739 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 80292 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار تیز رہا تھا اور حصص کی مالیت میں 84 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا تھا۔ پی ایس ایکس میں 79000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بحال ہوئی اور 57 فی صد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد حصص کی مالیت میں مزید 84ارب 54کروڑ 64لاکھ 45ہزار 119روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
منگل کے روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 728.55 پوائنٹس کے اضافے سے 79552.88 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔