چیئرمین پی اے سی کیلیے اپوزیشن کی جانب سے شیخ وقاص اکرم کا نام برقرار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اپوزیشن نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے لیے شیخ وقاص اکرم کا نام برقرار رکھا ہے۔پی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگر کی طارق فضل چوہدری سے ملاقات پوئی جس میں چیئرمین پی اے سی کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی۔
چیف وہپ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ میں آج اسی خط کا جواب دینے آیا تھا، حکومت نے چار نام مانگے ہیں، اپوزیشن چیئرمین پی اے سی کے لیے شیخ وقاص اکرم کا نام پہلے ہی دے چکی ہے اور ہم نے درخواست کی ہے کہ شیخ وقاص اکرم کے نام کو ہی کنسیڈر کیا جائے۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ اپوزیشن نے نام سوچ سمجھ کر دیا ہے، یہ کمیٹی اپوزیشن کے پاس ہی رہنی ہے لیکن حکومت اپنی من مانیاں کر رہی ہے، حکومت آئین اور قانون کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
چیف وہپ نے کہا کہ ہم نے تو گزشتہ حکومت میں اپوزیشن لیڈر کے لیے جو نام آیا اسی پر الیکشن کروا دیے، ہماری طرف سے نام شیخ وقاص اکرم کا ہی ہے۔ واضح رہے کہ طارق فضل چوہدری کی جانب سے چیئرمین پی اے سی کے لیے اپوزیشن سے 4 نام مانگے گئے تھے۔