آستانا ، دوشنبے(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا .
قازقستان کے دارالحکومت میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں وزیراعظم نے روسی صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے دوبارہ ملاقات ہونا بہت خوشی کا باعث ہے، جس پر روسی صدر نے کہا کہ 2 سال قبل ہم شنگھائی تعاون تنظیم ہی کے اجلاس کے موقع پر سمر قند میں ملے تھے، جہاں ہم نے دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے معاملات کو فروغ دینے پر بات چیت کی تھی .
روسی صدر نے کہا کہ اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان تعلقات بہترین سطح پر ہیں اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی روابط کی بدولت دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے . توانائی اور زراعت کے شعبوں میں ہم اپنے تعاون کو مزید بڑھا سکتے ہیں . اسی طرح غذائی تحفظ کے شعبے میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون میں اضافہ کریں گے .
وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے آستانا پہنچے جہاں انہوں نے روسی صدر سے ملاقات کی ہے .
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات جیوپولیٹیکل صورت حال سے متاثر نہیں ہوں گے، ہم روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں . انہوں نے انتخابات میں کامیابی پر بھی روسی صدر کو مبارک باد پیش کی .
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف قازقستان کے دارالحکومت میں ایس سی او پلس کے سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ کونسل کے اجلاس میں علاقائی اورعالمی مسائل پرپاکستان کا مؤقف پیش کرنے کے علاوہ کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے .
علاوہ ازیں آج پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین سہ فریقی بات چیت کا دور گا جس میں وزیراعظم شہباز شریف شریک ہوں گے جب کہ آج قازقستان کے صدر کے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے .