اسلام آباد دھرنا ایک دو دن کا نہیں ہوگا ہم بیٹھے رہیں گے، امیر جماعت اسلامی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنا ایک دو دن کا نہیں ہوگا ہم بیٹھے رہیں گے۔
جماعت اسلامی کے امیرحافظ نعیم الرحمٰن نے بیان میں کہا کہ 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کے لیے تاجروں، صنعت کاروں ،مزدوروں اور طلبا سے رابطہ کریں گے۔ مراعات یافتہ طبقے کو ملنی والی فری بجلی کو حتم کیا جائے۔ ہمارا دھرنا ایک یا دو دن کا نہیں ہوگا ہم بیٹھے رہیں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اس وقت ملک کی صورتحال اچھی نہیں اور معیشت کا تو بہت ہی برا حال ہے۔ بالا دست افراد تو موقع کا فائدہ اٹھاتے ہیں مگر غریب اور تنخواہ دار طبقہ کہاں جائے۔ اس ظلم پر خاموش رہنا بہت بڑا ظلم ہے۔ ٹی وی پر جتنے بھی اشتہارات دے دیں سوشل میڈیا اب آپ سے کنٹرول نہیں ہو رہا۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پہلے لوگ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجٹ بناتے تھے اور شرماتے تھے ہمارے وزیراعظم فخریہ کہتے ہیں کہ یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔ اس ملک پر جاہلوں کی نہیں بلکہ پڑھے لکھے جاہلوں کی حکومت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی اتحاد یا انتخابی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔ ہم کسی کے پلیٹ فارم پر عوامی ایشوز کے لئے جا بھی سکتے ہیں بلا بھی سکتے ہیں۔ ہمارا ایجنڈا بجلی بلوں میں ریلیف ہوگا۔ ایم کیو ایم اور پی پی پی نے کے الیکٹرک کے ساتھ ملکر کراچی کا بیٹرا غرق کردیا ہے۔ ان آئی پی پیز اور سیاسی جماعتوں کا شیطانی اتحاد ہے۔