ملاوٹی دودھ کی فروخت و سپلائی کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم جاری


کوئٹہ شہر سمیت مختلف اضلاع (سبی ، نصیرآباد ، قلات ، پنجگور) میں دودھ میں ملاوٹ پر متعدد ملک شاپس اور ملک سپلائرز کے خلاف ایکشن
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ملاوٹی دودھ کی فروخت و سپلائی کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم جاری مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہی۔ اس سلسلے میں کوئٹہ شہر سمیت مختلف اضلاع (سبی ، نصیرآباد ، قلات ، پنجگور) میں دودھ میں ملاوٹ پر متعدد ملک شاپس اور ملک سپلائرز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئےمراکز مالکان پر جرمانے عائد جبکہ کاروائیوں کے دوران برآمد شدہ سینکڑوں لیٹر غیر صحت بخش و ملاوٹی دودھ تلف کردیا گیا ۔
تلف کردہ دودھ میں پانی کی وافر مقدار و خشک پاؤڈر کی ملاوٹ جبکہ دکانوں ، ڈیری فارمز میں صفائی کے انتظامات اور ملک ٹرانسپورٹیشن کے انتظامات بھی غیر تسلی بخش پائے گئے ۔ مہم کے دوران دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے ملک سیمپلز لیکر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی موبائل لیبارٹریز و جدید مشینوں پر آن دی اسپاٹ ٹیسٹ کیے گئے ۔ واضح رہے کہ مختلف اضلاع میں جاری ملک ٹیسٹنگ مہم کے دوران ملک شاپس ، ڈیری فارمز اور دودھ بردار گاڑیوں کا معائنہ کیا جارہا ہے۔
جبکہ اتھارٹی حکام ڈیری فارمز میں جانوروں کو دئیے جانے والی خوراک و ادویات کا بھی تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں ، ملک ٹیسٹنگ مہم مزید تین روز جاری رہے گی ، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ملک ٹیسٹنگ مہم کا مقصد صوبہ بھر میں دودھ کے معیار کی بہتری اور ملاوٹی دودھ کی فروخت کا خاتمہ ہے ۔ عوام کو فراہم کردہ دودھ کے بہتر معیار کو یقینی بنانے کیلئے اتھارٹی کی کاروائیاں اور خصوصی مہمات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔