اورماڑہ، پانی کا حصول خواب بن گیا،شہری بوند بوند کو ترس گئے


گوادر(قدرت روزنامہ)اورماڑہ کولواہی محلہ گزی لین میں پانی کا بدترین بحران ، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے کربلا کی یاد تازہ کردی ، لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ،تفصیلات کے مطابق اورماڑہ کولواہی محلہ گزی لین میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے مصنوعی آبی بحران جاری ، لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے مہینوں بعد بھی لوگوں کو پانی سپلائی نہیں کی جاتی _ عوامی حلقوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ علاقے کے لوگوں کو پانی کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہے ، موسم گرما میں لوگ ٹینکر پانی خریدنے پر مجبور ہوئے ہیں ،محلے کے لوگوں کے مطابق چونکہ انہوں نے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کو ووٹ دیا ہے اس لئے کچھ سیاسی لوگ انہیں سزا کے طورپر پانی کی فراہمی میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں عوامی حلقوں نے محکمہ کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں اسی طرح پیاسہ رکھا گیا تو مجبوراً ان کے پاس احتجاج کے سوا کوئی دوسرا چارہ نہیں ہے ،محلہ کولواہ بازار گزی لین کے عوامی حلقوں نے ممبر صوبائی اسمبلی اور حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ ، ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن ، اسسٹنٹ کمشنر پسنی مہیم خان بلوچ اور ایکسین محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ گوادر مومن علی بلوچ سے پرزور اپیل کی ہے کہ انہیں پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔