پی ٹی آئی میں دراڑ، متحارب گروپ آج عمران خان سے ملیں گے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تحریک انصاف میں اختلافات کے معاملے پر عمران خان نے پارٹی میں واضح طور پر ابھرنے والے دھڑوں کو آج ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل طلب کیا ہے، تاہم اس ضمن میں پارٹی قیادت ابھی تک تمام متعلقہ اراکین کو مطلع نہیں کرسکی . ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی میں مبینہ اختلافات کے معاملے پر گزشتہ روز دونوں گروپوں کے رہنماؤں کو ملاقات کے لیے بلایا تھا تاہم پی ٹی آئی کی قیادت نے تا حال اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے متحارب رہنماؤں کی فہرست مرتب نہیں کی ہے .

میڈیا رپورٹس کےمطابق تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے عمران خان کی جانب سے ملاقات کے پیغام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے فوراً ملاقات سے قاصر ہیں تاہم وطن واپسی پر ملاقات ان کی ترجیح ہوگی . دوسری جانب ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت پر نکتہ چیں اراکینِ قومی اسمبلی شاندانہ گلزار اور جنید اکبر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے پیغام موصول نہیں ہوا ہے . چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کے مطابق ملاقات کے لیے اراکین کی حتمی فہرست جب مرتب ہوگی تو آگاہ کردیا جائے گا، فی الحال رؤف حسن، شبلی فراز اور عمر ایوب عمران خان سے معمول کی ملاقاتوں میں شامل رہیں گے . واضح رہے کہ گزشتہ منگل کو منعقدہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی شاندانہ گلزار اور شیر افضل مروت کے خلاف بھی قرارداد پیش کی گئی، جس میں دونوں اراکین کی پارٹی رکنیت ایک ماہ تک معطل کرنے کی سفارش کی گئی تھی . تاہم بعض رہنماؤں کی مخالفت کے باعث مذکورہ پارٹی ارکان کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا . اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کے زیرصدارت منعقدہ کور کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی قرارداد منظور کرتے ہوئے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انضباطی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا . اسی روز چیئرمین گوہر خان نے پی ٹی آئی میں کسی فارورڈ بلاک کی موجودگی کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ پارٹی میں کسی قسم کی دراڑ کی باتیں بنارہے ہیں وہ بالکل غلط ہیں . سپریم کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ان کی توجہ شاندانہ گلزار کے حوالے سے مبذول کرائی گئی تو گوہر خان کا کہنا تھا کہ ہر جماعت میں اختلاف رائے ضرور ہوتا ہے ہر فرد اپنے حساب سے آگے کا سوچتا ہے، لیکن تحریک انصاف کی کور کمیٹی سمیت دیگر کمیٹیاں عمران خان سے مشورے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں . . .

متعلقہ خبریں