لاہور ہائیکورٹ کا پولیس کو شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کےلیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران و دیگر متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ پیر والے دن عدالتی حکم پر جیو فینسنگ کا ڈیٹا حاصل کیا گیا اور ڈیٹا کا تجزیہ کیا جا رہا ہے،اس پر جسٹس امجد نے سوال کیا ایجنسیوں کے نمبر سامنے آتے ہی نہیں یا آجاتے ہیں؟ سرکاری وکیل نے بتایا کہ اگر کال وٹس ایپ پر کی جائے تو نمبر آجاتا ہے، ریگولر نمبرپرکی جائے تو نہیں آتے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں شہباز گل کے بھائی کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا، اس پر جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیے کہ آپ کے چہروں سے پتا چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں، ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ مغوی خیر و عافیت سے گھر واپس آئے۔
دوران سماعت درخواست گزار نے استدعا کی کہ شہباز گل کے بھائی کی جان کو خطرہ ہے، عدالت بازیاب کروانے کا حکم دے۔
بعد ازاں عدالت نے پولیس کو شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دے دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18 جولائی تک ملتوی کر دی۔