ممبئی(قدرت روزنامہ) ماضی میں بالی ووڈ کو سُپر ہٹ فلمیں دینے والے معروف بھارتی اداکار وویک اوبرائے نے کہا ہے کہ انڈسٹری کے کچھ طاقتور لوگوں نے اُن کا کامیاب کیریئر ختم کیا .
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وویک اوبرائے نے کہا کہ ماضی میں ایک وقت ایسا تھا، جب میری فلمیں بہت مقبول ہوتی تھیں، مجھے میرے کام کی وجہ سے ایوارڈز سے بھی نوازا جاتا تھا لیکن اب مجھے فلموں میں کوئی کام ہی نہیں ملتا .
وویک اوبرائے نے کہا کہ میں اپنے کیریئر کے عروج پر تھا کہ اچانک بالی ووڈ کے طاقتور لوگوں کے ایک گروپ نے میرا کیریئر ختم کرنے کا فیصلہ کیا، اُنہوں نے فیصلہ کیا کہ اب مجھے انڈسٹری میں کوئی کام نہیں دے گا .
اداکار نے کہا کہ میرے لیے، وہ زندگی کا مشکل ترین وقت تھا کیونکہ میرے پاس طاقت نہیں تھی، میرے اندر مایوسی اور غصہ تھا لیکن میں خاموش رہا اور سب کچھ برداشت کرتا رہا .
اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب ہم کسی لابی کے ظلم کا شکار ہوتے ہیں تو ہمارے پاس صرف دو آپشنز ہوتے ہیں، پہلے آپشن میں آپ ذہنی مریض بن جاؤ اور دوسرے میں سب کچھ درگزر کرکے آگے بڑھو اور اپنا راستہ خود بناؤ .
وویک اوبرائے نے کہا کہ اس مشکل وقت میں میری والدہ نے میرا بہت ساتھ دیا، وہ میری ہیرو بن کر سامنے آئیں، اُنہوں نے مجھے سمجھایا کہ فلموں کے بجائے حقیقی زندگی میں کسی کے لیے ہیرو بنو . اداکار نے مزید کہا کہ میری والدہ نے مجھ سے کہا کہ تم کسی ایسے شخص کو تلاش کرنا شروع کرو جس کے لیے تُم ہیرو بن سکو .
واضح رہے کہ وویک اوبرائے نے سال 2003 میں سلمان خان کے خلاف پریس کانفرنس کی تھی، اس کے بعد پیدا ہونے والے تنازع نے ان کا کیرئیر ختم کردیا تھا، سلمان اور وویک کے درمیان برسوں سے ایشوریا رائے کو لیکر بھی دشمنی چلی آرہی ہے .