وزیراعظم پی آئی اے کی جلد نجکاری چاہتے ہیں مزید تاخیر نہ کی جائے، علیم خان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پی آئی اے کی جلد نجکاری چاہتے ہیں، مزید تاخیر نہ کی جائے، نجکاری کمیشن پیشکش دینے والے اداروں سے مکمل تعاون کرے، اداروں کی نجکاری کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرزکو آن بورڈ رکھا جائے، نجکاری کمیشن حکومت پر انحصار کم کرکے مالی خود مختاری حاصل کرے۔
یہ بات انہوں ںے نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ مختلف اداروں کی نجکاری اور اس سے متعلق اہم امور کو حتمی شکل دینے کیلئے پرائیویٹائزیشن کمیشن کے بورڈ کا اعلیٰ سطح اجلاس جمعرات کو وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ مزید اداروں کی نجکاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔
اجلاس میں نجکاری کیلئے مختلف اداروں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قومی اداروں کی نجکاری کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو” آن بورڈ” رکھا جائے اور پیشکش دینے والے اداروں سے پرائیویٹائزیشن کمیشن مکمل اور بھرپور تعاون یقینی بنائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پی آئی اے کی جلد از جلد نجکاری چاہتے ہیں لہذا اس سلسلے میں باقی ماندہ مراحل کو تیزی سے مکمل کرتے ہوئے مزید تاخیر نہ کی جائے، پرائیویٹائزیشن کمیشن حکومت پر انحصار کم کر کے مالی طور پر خود مختاری حاصل کرے اور اپنے وسائل میں خود اضافہ یقینی بنائے۔
علاوہ ازیں عبدالعلیم خان کی زیر صدارت منعقدہ ایک اور اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خصوصی طور پر شرکت کی جس میں ہاوٴس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کے عمل کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس امر پر اتفاق ہوا کہ نجکاری کرتے ہوئے ادارے کے ملازمین کے تحفظ کو پیش نظر رکھا جائے گا۔
اجلاس میں ہاوٴس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کے تکنیکی اور قانونی پہلو بھی زیر غور آئے اور وفاقی وزراء کا نجکاری کمیشن کے افسران کے ہمراہ ہاوٴس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے بزنس گروپ سے مذاکراتی سیشن بھی ہوا۔
وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ پرائیویٹائزیشن کیلئے آنے والی تمام پیشکشوں کو میڈیا کی موجودگی میں کیمروں کے سامنے کھولا جائے تاکہ شفافیت پر کو ئی سو ال باقی نہ رہے۔ وزیر خزانہ اور وزیر قانون نے بھی ہاوٴس بلڈنگ فنانس کارپویشن کی جلد نجکاری پر زور دیتے ہوئے تمام آئینی اور قانونی پہلووٴں کو مد نظر رکھنے کی ہدایت کی۔
قبل ازیں وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے 220ویں اجلاس میں اس بورڈ کے اجلاس 218اور219کی کارروائیوں کی منظوری دی گئی۔ سینئر افسران نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے خزانہ، قانون اور ایوی ایشن سمیت متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہیں،اسی طرح روز ویلٹ ہوٹل کے فنانشل ایڈوائز ر اور دیگر اداروں کی نجکاری کیلئے انٹر نیشنل میڈیا میں بھی اشتہارات دیے گئے ہیں۔
بورڈ اجلاس میں مزید اداروں کی نجکاری کیلئے شارٹ لسٹ کی گئی فہرست پر بھی غور و خوض کیا گیا اور طے ہوا کہ کمیشن مزید نجکاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پیشرفت یقینی بنائے گا۔